Type Here to Get Search Results !

چین کے وزیر خارجہ شن گانگ ایک مہینے سے کہاں ’غائب‘ ہیں؟


 چین کے وزیر خارجہ شن گانگ ایک ماہ سے منظر سے غائب ہیں اور اُنہیں کسی تقریب یا عوامی اجتماع میں نہیں دیکھا جس کی وجہ سے ان کی مبینہ گمشدگی کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 57 سالہ شن گانگ کو دسمبر 2022 میں وزیر خارجہ مقرر کیا گیا تھا۔ ’وولف واریئر‘ کے نام سے جانے جانے والے چینی وزیر خارجہ نے لندن میں چینی سفارت خانے میں کئی سال گزارے اور وہ روانی سے انگریزی بولنا جانتے ہیں۔

امریکہ میں سفیر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے انہوں نے واشنگٹن میں عوامی سطح پر اور میڈیا کے ذریعے اپنی موجودگی کو بڑھایا اور چینی موقف کی وضاحت کی۔

مزید پڑھیں


ماحولیات پر مذاکرات: امریکی سفیر جان کیری چین پر ’دباؤ ڈالیں گے‘


’ٹیکنالوجی بے لگام نہ ہو‘، سلامتی کونسل میں مصنوعی ذہانت کے خطرات پر بحث


چین زمین کے اندر 34 ہزار فٹ گہرا ایک اور سوراخ کیوں کر رہا ہے؟

وزیر کے طور پر اپنی تقرری کے بعد انہوں نے ایک مصروف شیڈول جاری رکھا، افریقہ، یورپ اور وسطی ایشیا کے دورے کے ساتھ ساتھ بیجنگ میں غیر ملکی معززین کی میزبانی کی۔

شن گانگ کو 25 جون کے بعد سے عوامی سطح پر نہیں دیکھا گیا جب انہوں نے بیجنگ میں روس کے نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو سے ملاقات کی تھی۔

دو ہفتے بعد انڈونیشیا میں ہونے والے اعلیٰ سطحی آسیان سربراہی اجلاس میں ان کی غیر موجودگی نے سوالات کو جنم دیا۔

چین کی وزارت خارجہ نے صحت کے مسائل کو اُن کی غیرموجودگی کی وجہ قرار دیا۔

سرکاری ٹیبلائڈ گلوبل ٹائمز کے ایک ممتاز مبصر ہو ژیجن نے ویبو پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ہر کوئی فکر مند ہے لیکن عوامی سطح پر اس حوالے سے بات نہیں کر سکتا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’صورتحال کو برقرار رکھنے اور عوام کے جاننے کے حق کا احترام کرنے کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔‘

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل کا بیجنگ کا دورہ رواں ماہ اچانک منسوخ کر دیا گیا۔

بلومبرگ نے جمعے کو بتایا تھا کہ برطانیہ کے خارجہ سیکریٹری جیمز کلیورلی کا دورہ شن گانگ کی غیر موجودگی کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔

خارجہ پالیسی کے اعلیٰ عہدیدار وانگ یی اس دوران اپنی کچھ ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں اور جوہانسبرگ میں سلامتی کے امور پر برکس اجلاس میں شرکت کے لیے اس ہفتے افریقہ کا سفر کر رہے ہیں۔

بیجنگ نے اپنے وزیر کارجہ کی غیرموجودی کے باوجود یہ واضح کیا ہے کہ چین کی سفارت کاری معمول کے مطابق جاری ہے۔

چین شن گانگ لاپتہ گمشدہ


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.